بھٹکل یکم مئی (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ پنچایت میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت ایڈمنسٹریٹر آئی ٹی ویویک نے کی ۔
اس میٹنگ میں مختلف محکمہ جات کے افسران نے اپنے اپنے محکمہ میں انجام دئے گئے ترقیاتی امور کی پیش رفت اور مسائل کی تفصیلات پیش کیں ۔ محکمہ باغبانی کی شویتا کرکی نے مختلف منصوبہ جات کے لئے موصولہ رقم اور ان کے استعمال کی تفصیلات پیش کیں ۔ سی ای او نے یاسمین پھولوں کے باغبانوں اور گاہکوں کے بیچ سے دلالوں کو ہٹانے کے تجویز کے تعلق سے پوچھا تو انہوں نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ میٹنگ میں معلومات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس کے علاوہ 'نریگا' اسکیم کے تحت ہونے والی پیش رفت کو غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے آئندہ مہینوں میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ۔
اس کے علاوہ محکمہ ماہی گیری ، محکمہ سوشیل ویلفیئر ، محکمہ اقلیتی بہبود ، محکمہ چائلڈ ڈیولپمنٹ اور دیگر محکمہ جات کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی ۔